ویلنگٹن : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈن نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آبادی کو صرف فائزر کی ویکسین ہی لگائی جائے گی جبکہ قبل ازیں ملک میں چار مختلف ویکسین استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے پیر کے دن اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فائزر کی ویکسین کو چونکہ بیحد مؤثر پایا گیا ہے اسی لئے نیوزی لینڈ کی عوام کو کوروناوائرس سے نمٹنے صرف فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی۔ فی الحال ملک کے میڈیکل ریگولیٹرس نے صرف فائزر کی ویکسین کو منظوری دی ہے جبکہ دیگر دو ویکسین کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔ جسنڈا آرڈن نے مزید کہا کہ ویکسین کی زیادہ تر خوراکیں جاریہ سال کے دوسرے نصف تک ملک میں پہنچ جائیں گی۔
