نیوزی لینڈ کی غزہ اور مغربی کنارہ کیلئے مزید انسانی امداد

   

آکلینڈ (سید مجیب کی رپورٹ) : نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ ونسٹن پیٹرز نے اعلان کیا ہیکہ نیوزی لینڈ غزہ اور مغربی کنارہ میں انسانی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے مزید 5 ملین ڈالرس فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ نے شہریوں کو خوفزدہ کررکھا ہے۔ یہی وجہ ہیکہ نیوزی لینڈ نے 7 اکٹوبر 2023ء کو جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 15 ملین ڈالرس کی انسانی امداد فراہم کی ہے۔ فنڈنگ کا یہ نیا پیاکیج ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ UNICEF (یونیسیف) کے درمیان یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔ ونسٹن پیٹرز کا کہنا ہیکہ غزہ میں قحط کے دہانے پر 2.2 ملین افراد کے ساتھ ورلڈ فوڈ پروگرام کا کام پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں امداد کے تیزی سے داخلہ کو آسان بنانے کیلئے اپنے معائنہ کے عمل کو ہموار کرے۔ امداد کی ترسیل کیلئے مزید گزرگاہیں کھولے تاکہ امداد کی باآسانی فراہمی ہوسکے۔ ونسٹن پیٹرز کا کہنا ہیکہ ہم غزہ اور مغربی کنارہ کے انسانی ہمدردی کے ردعمل میں اونروا (UNRWA) کے کلیدی کردار کو تسلیم کرتے ہیں لہٰذا یہ ضروری ہیکہ اس کی جامع تحقیقات میں تیزی پیدا کی جائے اور اگلے اقدامات کی بعجلت ممکنہ نشاندہی کی جائے۔