نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپسی کے بعد تنہائی اختیار کرچکی

   

ویلنگٹن ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور معاون عملہ جوکہ آسٹریلیا کے دورہ سے وطن واپس ہوئے تھے، وہ کوروناوائرس سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے 14 دن کی خودساختہ تنہائی (قرنطینہ) میں چلے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے توثیق کی ہیکہ نیوزی لینڈ ٹیم کے15 کھلاڑی اور معاون عملہ جوکہ گذشتہ ہفتہ سڈنی سے وطن واپس ہوئے تھے وہ اپنے گھروں میں تنہائی اختیار کرچکے ہیں جیسا کہ حکومت نے انہیں اس طرح کی ہدایت دی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے عوامی امور کے منیجر رچرڈ بوک نے میڈیا سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے وہ کھلاڑی جنہوں نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، وہ خودساختہ تنہائی اختیار کرچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں کو ان تمام احکامات سے واقف کردیا ہے جوکہ خودساختہ تنہائی کی تعریف میں آتے ہیں۔ یاد رہے نیوزی لینڈ کو دورہ آسٹریلیا پر ان ونڈے مقابلوں کے علاوہ تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سریز بھی کھیلنی تھی جس کا پہلا مقابلہ بغیر شائقین کے خالی میدان میں منعقد کیا گیا تھا جس میں کین ولیمسن کی زیرقیادت نیوزی لینڈ ٹیم کو 71 رنز کی شکست ہوئی تھی لیکن بعد میںاس سیریز کو ملتوی کردیا گیا۔ دورہ آسٹریلیا سے واپسی کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فیرگوسن نے گلے میں تکلیف کے بعد خود کو تنہائی میں قید کرلیا تھا لیکن ان کا معائنہ کرنے کے بعد کوروناوائرس کا نتیجہ منفی آیا۔ گذشتہ ہفتہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈن نے آسٹریلیا سے واپس آنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ دو ہفتوں کیلئے خودساختہ تنہائی اختیار کریں۔