کرائسٹ چرچ ۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے 17 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے ۔ کین ولیمسن کی قیادت میں اس ٹیم میں اسٹار بولرز اوراسٹار بیٹسمینس موجود ہیں۔ بولنگ شعبہ میں تجربہ کار لیگ اسپنر ایش سودھی ، بائیں ہاتھ کے اسپنر مشل سینٹنر اور فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی بھی شامل ہیں ، جو آئی سی سی ٹی20 بولنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرینٹ بولٹ ، لاکی فرگوسن ، کائل جیمیسن اور ٹاڈ ایسٹل جیسے بہترین بولرس بھی دستیاب ہیں۔بیٹنگ کی بات کریں تو ولیمسن کے علاوہ ٹیم میں مارٹن گپٹل اور ڈیون کانوے جیسے سرکردہ کھلاڑی موجود ہیں۔ یہی نہیں ، گپٹل اور کانوے ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ10 میں موجود ہیں۔ دوسری طرف وکٹ کیپرز ٹم سیفرٹ اور گلین فلپس ، آل راؤنڈرز ڈیرل مشل ، جمی نیشام اور مارک چیپ مین کی موجودگی نیوزی لینڈ کے بیٹنگ کو مضبوط بناتی ہے ، حالانکہ سب سے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی راس ٹیلر اور کولن ڈی گرینڈ ہومے کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے ۔ فاسٹ بولر ایڈم ملنے کو ٹورنمنٹ کے لئے ٹیم میں16 ویں کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ، لیکن انہیں صرف چوٹ لگنے کی صورت میں ٹیم میں کسی کھلاڑی کی جگہ بلایا جا سکتا ہے ۔