نیوزی لینڈ کی 18 سال بعد پاکستان آمد، جمعہ کو پہلا میچ

   

اسلام آباد: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف سیریز کھیلنے 18 سال بعد ہفتہ کو پاکستان پہنچ گئی جبکہ پی سی بی نے ونڈے سیریز کا اسٹیٹس تبدیل کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ڈھاکہ سے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی۔ اسلام آباد پہنچنے پر مہمان ٹیم کا نجی ہوٹل میں کووِڈ ٹسٹ ہوگا جس کے بعد کھلاڑی اپنی ٹریننگ شروع کریں گے۔ کورونا ٹسٹ منفی آنے پر مہمان ٹیم کو پریکٹس کی اجازت ملے گی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 15 ستمبر کو انٹر اسکواڈ میچ مقرر ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سوپر لیگ کا حصہ نہیں ہوگی بلکہ اس سیریز کا درجہ باہمی سیریز کا ہوگا۔ پی سی بی کے مطابق سیریز میں ڈی آر ایس استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ان میچز کو ورلڈ سپر لیگ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 2022-23 میں پھر پاکستان آئے گی اور دو ٹسٹ میچز اور تین ونڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دورے میں کھیلے جانے والے ونڈے میچز کو ورلڈ کپ 2023 کی کوالیفکیشن کے عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ونڈے میچ 17 ستمبر کو ہو گا۔ سیریز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 25، 26 اور 29 ستمبر، یکم اور 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ ونڈے میچز راولپنڈی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز لاہور میں ہوگی۔