ہم ایسی ٹیم بنیں گے کہ پاکستان میں کھیلنے سبھی آنا چاہیں گے : رمیز راجہ
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ای او ڈیوڈ وائٹ کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی انتظامات ایسے نہیں ہیں کہ رکا جاسکتا ہے ۔پاکستان میں ای ایس پی این کریک انفو ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے ان دعوؤں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں ‘ان کی جان کو خطرہ لاحق تھا’۔ اس سے قبل ڈیوڈ وائٹ نے نیوزی لینڈ کے میڈیا کے سامنے ایک ورچول پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ کن حالات میں انہیں دورہ منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں نیوزی لینڈ کی حکومت نے بتایا تھا کہ کھلاڑیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایسی کسی پریس کانفرنس سے آگاہ نہیں ہے تاہم انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی جان کو خطرہ ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اطلاع انہیں یا حکومت پاکستان کو نیوزی لینڈ کی حکومت نے نہیں دی تھیں۔ اس سے قبل وائٹ نے کہا تھا کہ اس کو جس قسم کی اطلاع ملی ہیں اسے عام کرنا درست نہیں ہے ۔پی سی بی دورہ منسوخ ہونے سے ہونے والے مالی نقصان پر نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ بات چیت کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے سبھی کو اس سے باہر نکل کر آگے کے بارے میں سوچنے کے لئے کہا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جمعہ کو میچ شروع ہونے سے قبل پاکستان میں موجود تھی اور تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے علاوہ پانچ میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کی تیاری کر رہی تھی۔ نیوزی لینڈ نے میچ شروع ہونے سے چند منٹ قبل دورے کی منسوخی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔کریک انفو کو اطلاع ملی ہے کہ ایک وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ ذہن بنا چکا تھا کہ باضابطہ طور پر نیوزی لینڈ کے اس فیصلے کی مخالفت کرنی ہے ، لیکن پھر بعد میں یہ فیصلہ کیا کہ ان کے پاس ایسا کرنے کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ ان کی حکومت اور سیکورٹی ایجنسی سے ملی اطلاعات کے بعد کیا تھا۔رمیز راجہ کی جانب سے پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ ‘‘جو کچھ بھی ہوا وہ پاکستان کرکٹ کے لیے بالکل بھی اچھا نہیں ہے ۔ لیکن ایک چیز جو ہمیں مضبوط بناتی ہے وہ یہ ہے کہ اس طرح کے حالات ماضی میں بھی ہمارے سامنے آئے تھے اور پھر ہم نے ان پر قابو پاتے ہوئے آگے کی جانب دیکھا’’۔راجہ نے کہا ‘‘میں اپنے تمام کرکٹ شائقین سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس مشکل صورتحال میں بھی ہمارے ساتھ رہیں ، آپ کا تعاون ہمیں ورلڈ کپ میں طاقت دے گا۔ میں اپنے کھلاڑیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اپنا غصہ میدان میں نکالیں اور یہی یہ ہمارے درد کی دوا ہوگی۔ اگر آپ دنیا کی بہترین ٹیم بن جائیں گے تو ہر کوئی آپ کے ملک میں آنے اور کھیلنے کے لیے قطار میں کھڑا ہوگا۔ میں امید کروں گا کہ سبھی لوگ اس سے سبق لیں اور آگے کی جانب دیکھیں نہ کہ مایوس ہوں’’