نیوزی لینڈ کے بڑے کمرشیل ٹی وی چینلس برائے فروخت

   

ویلنگٹن ۔ 18 اکٹوبر (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ کے میڈیا ورکس نے اپنے اعظم ترین کمرشیل ٹیلیویژن اسٹیشن کو خسارہ کے بعد فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ عہدیداروں کے مطابق آکلینڈ میں واقع تین چینلوں کو فروخت کیا جائے گا اور اگر جاریہ سال کے اواخر تک بھی کوئی خریدار نہ ملا تو چینلوں کو ہمیشہ کیلئے بند کردیا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا ورکس کے صدرنشین جیک میتھیوز نے کہا کہ ہم اس وقت کمرشیل ماحول میں رہنے کے عادی ہوچکے ہیں اور اس سے مربوط زمینی حقائق کو بھی قبول کرنے کی ہم سب میں استطاعت ہونی چاہئے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر وقت ہمیں صرف منافع ہی منافع ہو۔ کبھی کبھی ہمیں خسارہ کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہم نے جس خسارہ کا سامنا کیا ہے اس سے ہماری کمر ٹوٹ گئی اور ہم نے تین چینلوں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔