نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے روہت سے پہلا مقام چھین لیا

   

دبئی، 19 نومبر (آئی اے این ایس) نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے آئی سی سی مردوں کی ونڈے درجہ بندی کی تازہ ترین فہرست میں روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ایک مقام حاصل کر لیا ہے، جبکہ ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بْمراہ ٹسٹ بولرس کی درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ مچل 1979 کے بعد گلن ٹرنرکے بعد پہلے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے مردوں کی ونڈے بیٹنگ درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ان کی میچ جتوانے والی سنچری اس کامیابی کا سبب بنی۔ زخمی ہونے کے باعث سیریز سے باہر ہونے سے قبل مچل نے 118 گیندوں پر119 رنز اسکورکیے، جس پر انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔ ان کی اس اننگز نے انہیں افغانستان کے ابراہیم زدران اور روہت شرما سے ایک پوائنٹ کے فرق سے آگے کردیا، جس کے بعد روہت کی صرف 22 دن کی حکمرانی ختم ہوگئی۔ گلن ٹرنر46 سال پہلے نیوزی لینڈ کے آخری کھلاڑی تھے جنہوں نے پہلا مقام حاصل کیا تھا، جبکہ نیتن ایسٹل، راس ٹیلر اورکین ولیمسن جیسے کھلاڑی درجہ بندی میں تیسرے مقام تک پہنچ پائے تھے ۔ پاکستان کے بابر اعظم نے بھی بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے چھٹے مقام تک ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ناقابلِ شکست 102 رنز اسکورکیے۔ ان کے ساتھی کھلاڑی محمد رضوان اور فخر زمان نے بھی سیریز میں دو، دو نصف سنچریاں بناکر بالترتیب 22 ویں اور26ویں مقامات حاصل کیے ہیں۔ بولنگ میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ونڈے میں تین وکٹیں حاصل کرکے 11 درجے ترقی حاصل کی، جس کے بعد وہ کیریئر کی بہترین نویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف بھی پانچ درجے ترقی کرکے 23 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز (تین درجے ترقی، 20واں مقام) اور راسٹن چیز (12 درجے ترقی، 46واں مقام) نے بھی درجہ بندی میں بہتری لائی ہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں بْمراہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں چھ وکٹیںجن میں پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی شامل ہے ، حاصل کرکے اپنا پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔ ان کے ساتھی کلدیپ یادیو دو درجے ترقی کرکے کیریئرکی بہترین 13ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ رویندرا جڈیجہ چار درجے ترقی کے ساتھ 15ویں مقام پر آ گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے آف اسپنر سائمن ہارمر نے وہیں آٹھ وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے بعد 20 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین 24 واں مقام حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے کم اسکور والے کولکتہ ٹسٹ کی دوسری اننگز میں ناقابلِ شکست 55 رنز بنا کر ٹسٹ بیٹنگ درجہ بندی میں پانچویں مقام تک رسائی حاصل کی ہے۔ بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنٹو (چار درجے ترقی، 34واں مقام) اور محمود الحسن جوئے (19 درجے ترقی، 74واں مقام) نے آئرلینڈ کے خلاف سلہٹ ٹسٹ میں سنچریاں بنا کر درجہ بندی میں ترقی حاصل کی۔ آئرلینڈ کے اوپنر پال اسٹرلنگ بھی 96ویں سے 80ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔فی الحال جن ممالک کے درمیان سیریز جاری ہے اس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے درجہ بندی میں ترقی حاصل کی ہے ۔