نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کیلئے آئی پی ایل کی راہ ہموار

   

آکلینڈ ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے مابقی سیزن میں اپنے کھلاڑیوں کی شرکت کی درخواست قبول کرلی ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے لئے آئی پی ایل کی راہ ہموار ہوچکی ہے جبکہ برصغیر کے دوروں اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے حکام نے ٹیموں کے اعلان کے لئے بھی منصوبے تیار کرلئے ہیں تاکہ کورونا بحران کے دوران کام کے بوجھ کو کم کیا جاسکے۔ نیوزی لینڈ کی صف اول کی ٹیم کین ولیمسن کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستان کا دورہ کرے گی جبکہ ستمبر میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دورہ پر جو نیوزی لینڈ ٹیم موجود رہے گی اس کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے جبکہ 19 ستمبر کو آئی پی ایل کے معطل شدہ مقابلوں کا دوبارہ آغاز ہو رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے لئے ٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کرنے والے ممکنہ بیشتر کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے مابقی سیزن میں شرکت کی اجازت دی جارہی ہے تاکہ وہ ورلڈ کپ کی تیاری کرسکیں۔ آئی پی ایل کا باقی سیزن اور ٹی 20 ورلڈ کپ دونوں ہی حسن اتفاق سے ہندوستان سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیئے گئے ہیں۔ لہذا نیوزی لینڈ آئی پی ایل میں ان کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع دے رہا ہے جو ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔ سینئر بیٹسمین راس ٹیلر کو پاکستان کے دورہ پر نیوزی لینڈ کی ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن بعد میں متفقہ طور پر انہیں دورۂ ہندوستان پر ٹسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ جو کہ 18 برس بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے لیکن امکان ہے کہ ٹیم میں کئی اہم کھلاڑی موجود نہیں رہیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ نیوزی لینڈ ٹیم 23 اگست کو بنگلہ دیش کے دورہ پر روانہ ہوگی جس کے بعد ہندوستان کے ٹسٹ دورہ کے بارے میں غور کیا جائے گا کیونکہ اس دورہ کے لئے ٹسٹ ٹیم کا ہنوز اعلان نہیں ہوا۔