نیوزی لینڈ ۔ افغانستان ٹسٹتیسرا دن بھی بارش کی نذر

   

نوئیڈا ۔ افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ٹسٹ میچ کے تیسرے دن کی منسوخی کا باضابطہ اعلان موسم کی خرابی کے پیش نظر جلد کردیا گیا۔ یہ میچ گریٹر نوئیڈا اسپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جس میں گیلے میدان کی وجہ سے پہلے 2 دنوں کا کھیل منسوخ کردیاگیا تھا۔ تیسرے دن کا کھیل مسلسل بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ ٹسٹ کرکٹ میں ایسا 16سال بعد ہوا ہے جب کسی ٹسٹ میں پہلے تین دن کا کھیل مسلسل منسوخ ہوا ہے۔آخری بار ٹسٹ میچ کے پہلے 3 دن کا کھیل 2008 میں منسوخ ہوا تھا۔ بڑی بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ بھی اس ٹسٹ میچ کا حصہ تھا۔ وہ ٹسٹ میچ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان میرپور میں تھا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹسٹ میچ کے تیسرے دن کی منسوخی کا اعلان صبح 9 بج کر15 منٹ پر ہی کردیاگیا۔ درحقیقت مسلسل بارش کی وجہ سے میدان کی حالت اتنی قابل رحم ہوگئی کہ میچ ریفری اور امپائرزکو اپنے فیصلے تک پہنچنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ واحد ٹسٹ میچ میں مسلسل تیسرے دن کھیل نہ ہونے کی وجہ سے اس میں کسی نتیجے کے امکانات نہیں ہیں۔ بارش کی وجہ سے گراؤنڈ کی حالت کے بعد سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا اس ٹسٹ میچ میں ایک گیند بھی کھیلی جائے گی؟ موجودہ حالات کو دیکھ کر اس بڑے سوال کا جواب نفی میں نظرآتا ہے۔