دھرم شالہ: نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 21ویں میچ میں اتوار کو ڈیرل مچل (130 رنز) اور راچن رویندر (75 رنز) کی شاندار اننگز کی بدولت اپنے اسکور کو273 تک پہنچایا لیکن محمد شامی کی اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ نے کیویز کو آل آؤٹ کردیا۔ آج یہاں ہندوستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کا آغاز انتہائی خراب تھا اور اس نے اپنے دونوں اوپنرز ڈیوان کانوے صفر پر اور ول ینگ نویں اوور میں 17 رنز پر کھو دیئے ۔ محمد سراج نے کانوے کو شریاس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جبکہ شامی نے نویں اوور کی پہلی گیند پر ینگ کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد ڈیرل مچل اور راچن رویندر نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 159 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کر کے نیوزی لینڈ کو مدد فراہم کی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل نے 127 گیندوں پر 130 رنز بنائے ۔ جبکہ رویندر نے 87 گیندوں میں 75 اور گلین فلپس نے 23 رنز کا حصہ ڈالا۔ مچل اور رویندر کی جوڑی نے ورلڈ کپ میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں سب سے بڑی شراکت داری کی ہے۔ رویندر 87 گیندوں میں 75 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ شامی نے انہیں شبمن گل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔کلدیپ یادو نے ٹام لیتھم کو پانچ رنز پر آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو چوتھا جھٹکا دیا۔نیوزی لینڈ کی نویں وکٹ مچل کی 127 گیندوں پر 130 رنز پر گری، وہ کوہلی کے ہاتھوں شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ شامی نے 5 اور کلدیپ نے دو وکٹیں لئے۔ جسپریت اور سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔