نیوز کلک کے معاملے پر راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ

   

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں منگل کے روز میڈیا ایجنسی ‘نیوز کلک’ کے معاملے پر زبردست ہنگامہ کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے سدھانشو ترویدی نے دوپہر میں یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا اور کہا کہ اس کی مکمل جانچ ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ایجنسی ‘نیوز کلک’ سے وابستہ لوگوں پر گزشتہ دنوں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے کارروائی کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کی کانگریس اور دیگر جماعتوں کے لیڈروں نے سخت مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ‘نیوز کلک’ اور متعلقہ لوگوں کے درمیان تعلقات کی جانچ ہونی چاہیے ۔ انہوں نے امریکی اخبار ‘نیویارک ٹائمز’ کے حوالے سے کہا کہ ‘نیوز کلک’ چین کے پروپیگنڈے کا حصہ ہے ۔
گوئل نے کہا کہ یہ معاملہ سنگین ہے ۔ اس پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے ۔اس پرایوان میں زبردست ہنگامہ ہوگیا ۔ کانگریس اور اپوزیشن کے دیگر ارکان نے اونچی آواز میں بولنا شروع کردیا۔ جس کے جواب میں حکمراں جماعت کے ارکان نے بھی نعرے بازی شروع کردی۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے چیئرمین نے 12:25 پر ایوان کی کارروائی 12:45 تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔