نیوکلیئر تجربہ پر پابندی منسوخ ہونے کا امکان : پوٹن

   

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعرات کو کہا کہ روس نے ایک تجرباتی نیوکلیئر کروز میزائل کا کامیابی سے تجربہ کرلیا ہے۔ پوٹن نے یہ انتباہ بھی کیا کہ ان کے ملک کی پارلیمنٹ نیوکلیئر تجربات پر پابندی کے معاہدے کی اپنی توثیق کو منسوخ کر سکتی ہے۔خارجہ پالیسی کے ماہرین کے ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے اعلان کیا کہ روس نے “بیورفنسک کروز میزائل” اور بھاری بین البر اعظمی بیلسٹک میزائل، سرمت کی تیاری کو موثر طریقے سے مکمل کر لیا ہے اور وہ اس کی پروڈکشن پر کام شروع کرے گا۔انہوں نے وضاحت کیے بغیر کہا کہ، ہم نے نیوکلیئر توانائی کے گلوبل رینج کے کروز میزائل، بیورفنسک کا آخری کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ ان کا بیان بیورفنسک کے کامیاب تجربے کا پہلا اعلان تھا۔بیورفنسک کے بارے میں بہت کم جانا جاتا ہے۔بیورفنسک کا مطلب ہے” اسٹارم پیٹر ل۔ ” جس کا ذکر پوٹن نے سب سے پہلے 2018 میں کیا تھا۔پیٹرل سمندر پر سخت حالات میں لمبے فاصلوں کی پرواز کرنیوالا ایک پرندہ ہے۔نیٹو نے اس کا کوڈ نام اسکائی فال رکھا تھا اور بہت سے مغربی ماہرین اس کے بارے میں بہت شکوک و شبہات رکھتے تھے جن کا کہنا تھا کہ ایک نیوکلیئر انجن انتہائی ناقابل بھروسہ ہو سکتا ہے۔