تہران : ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے گذشتہ اتوارکو نطنز میں واقع نیوکلیئرپلانٹ میں دھماکے میں ملوّث مشتبہ ملزم کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی نے ہفتہ کے روز ایک نشر یے میں کہا ہے کہ اس تخریبی کارروائی میں ملوّث مشتبہ ملزم کا نام رضا کریمی ہے۔اس کو وزارت برائے سراغرسانی نے شناخت کرلیا ہے لیکن وہ گذشتہ اتوار کو نطنزمیں نیوکلیئرتنصیب سے قبل ملک سے راہ فرار اختیار کر گیا تھا۔ٹیلی ویژن پر اس کی ایک تصویر جاری کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ایک سْرخ کارڈ پر بین الاقوامی پولیس ایجنسی ’’انٹرپول کو مطلوب‘‘ لکھا ہے۔اس میں اس کی عمر 43 سال درج ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس شخص کی بیرون ملک سے گرفتاری اور قانونی ذرائع سے ایران میں واپسی کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔