ماسکو : روس کی اسپیس ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ دیمتری روگوزین نے کہا کہ نیوکلیئر جنگ کی صورت میں روس محض آدھے گھنٹے میں ناٹو ممالک کو تباہ کردے گا۔ لہٰذا انہوں نے ناٹو ممالک پر زور دیا کہ وہ ایسی صورتحال پیدا نہ کرے۔ اپنے ٹیلیگرام پیام میں انہوں نے یہ بات کہی۔ ان کا کہناہیکہ نیوکلیئر جنگ کی صورت سارے کرہ ارض پر یقینی طور پر اس کا اثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ناٹو ممالک روس کے خلاف جنگ کررہے ہیں اگرچہ کہ اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔ قبل ازیں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے بھی یوکرین تنازعہ میں مداخلت کے خلاف بیرونی قوتوں کو انتباہ دیا تھا۔