نیوکلیر مواد کی حفاظت میں حکومت ہند کی غفلت

   

بنگال میں 2 افراد کی گرفتاری ، اربوں روپئے مالیت کا تابکاری مواد برآمد ۔ عالمی امن کیلئے خطرہ ٹل گیا

کولکتہ ۔ ہندوستانی حکومت ایک بار پھر نیوکلیر مواد کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریاست مغربی بنگال کی پولیس نے 2افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اربوں روپے مالیت کا تابکاری مواد برآمد کرلیا۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق زیر حراست افراد سے دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ انہوں نے حساس مواد سوشل میڈیا ویب سائٹ کے ذریعے خریدا تھا۔ مغربی بنگال کی پولیس کے ترجمان کے مطابق کولکتہ ائرپورٹ کے نزدیک واقع علاقہ میں خفیہ اطلاع پر کئی گئی کارروائی کے دوران گرفتاریاں کی گئیں۔ ملزمان کے قبضے سے جو تابکاری مواد تحویل میں لیا گیا ہے اس کی مالیت ساڑھے 42ارب روپے بنتی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد نے تابکار ی مواد کے 4ٹکڑوں کی فروخت کے لیے کسی نامعلوم شخص سے رابطہ کیا تھا، جس کے بعد ان کا سراغ لگایا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے تابکاری مواد کے ٹکڑے کیلیفورنیم کے ہیں، جسے انتہائی قیمتی سمجھا جاتا ہے۔ کیلیفورنیم کے ایک گرام کی قیمت عالمی مارکیٹ میں تقریباً 17 کروڑ روپے ہے۔ تفتیش کرنے والے پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پہ کسی سے بات کرنے کے بعد کرناٹک میں اس سے یہ تابکاری مواد خریدا تھا، جس کا وزن مجموعی طور پر 250 گرام تھا۔ ہندوستانی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ایٹمی توانائی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دیگر مختلف دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ممبئی میں یورینیم کی کھلے عام فروخت کا انکشاف ہوا تھا،جس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے 7 کلوگرام یورینیم برآمد ہوئی تھی،جسے فروخت کرنے کے لیے وہ عالمی مارکیٹ میں خریدار ڈھونڈ رہے تھے۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایٹمی دہشت گردی عالمی برادری کو درپیش سیکورٹی چیلنج ہے اور نیوکلیر مواد کے تحفظ کو یقینی بنانا تمام حکومتوں کی ذمے داری ہے۔ اس سے قبل کسی ملک میں اتنی شفاف اور اعلیٰ معیار کی یورینیم اتنی مقدار میں کبھی نہیں پکڑی گئی تھی۔ماہرین کے مطابق اس معاملے کا تشویشناک پہلو یہ ہے کہ درآمد شدہ تابکاری یورینیم کو کسی بھی روایتی ہتھیار سے جوڑ کر بڑا دھماکاکیا جاسکتا ہے جسے ڈرٹی بم کا نام دیا جاتا ہے۔ ڈرٹی بم میں استعمال ہونے والے تابکاری مواد میں یورینیم کی زیادہ افزودگی کی ضرورت نہیں اور اس بم کے دھماکے کے نتیجے میں نقصان اگرچہ ایٹم بم جتنا نہیں ہوتا مگر اس کے انتہائی مہلک اثرات ہوتے ہیں۔