نئی دہلی۔ 24 جنوری (یو این آئی) ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا نے امریکہ میں شدید برف باری کی وارننگ کے بعد 25 اور 26 جنوری کو نیویارک اور نیوارک جانے والی اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ اعلان کرتے ہوئے ایئرلائن نے کہا کہ اتوار سے پیر کے درمیان امریکی مشرقی ساحل پر نیویارک، نیو جرسی اور آس پاس کے علاقوں میں خطرناک برفانی طوفان اور شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ اس سے فلائٹ آپریشن پر خاصا اثر پڑے گا۔ ایکس ہینڈل پر بیان میں کمپنی نے کہا کہ ہمارے مسافروں اور عملہ کی حفاظت، سلامتی اور سہولت کے پیش نظر، 25 اور 26 جنوری کو نیویارک اور نیوارک جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئر انڈیا نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس کے کال سینٹر سے رابطہ کریں یا اس کی ویب سائٹ پر فلائٹ اسٹیٹس چیک کرکے ہی سفر پر نکلیں۔