نیویارک میں تلگو عوام سے راہول گاندھی کی ملاقات

   

ریونت ریڈی، وینکٹ ریڈی، مدھو یاشکی اور دیگر کی شرکت

حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے امریکہ کے نیویارک میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے غیر مقیم ہندوستانیوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ اوورسیز انڈین کانگریس مین کے بیانر تلے پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے مشیر سام پتروڈا اور دیگر غیر مقیم ہندوستانیوں نے اہم رول ادا کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلگو عوام سے ملاقاتوں کے اہتمام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قائدین کی ایک ٹیم کو پہلے ہی امریکہ روانہ کردیا تھا۔ ریونت ریڈی کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، اے آئی سی سی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس سی ایچ کرن کمار، مدن موہن راؤ، کے نیلیماں، ابھیلاش راؤ کے علاوہ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر آر ردرا راجو نے راہول گاندھی کے پروگراموں میں شرکت کی۔ اس موقع پر راہول گاندھی نے ہندوستان کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر خطاب کیا اور سامعین کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ راہول گاندھی کے اعزاز میں گریٹ اینڈ میٹ کے عنوان سے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ہندوستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ر