فلم اداکار سنیل شیٹی پریڈ کے مارشل ہوں گے l جاریہ سال کا تھیم ’’سپورٹ اورٹروپس ۔ سلیوٹ اورٹروپس‘‘
میان ہٹن کے قلب میں واقع میڈیسن ایونیو پر ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کی کثیر تعداد کی شرکت متوقع
نیویارک ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے خوبصورت شہر نیویارک میں ہر سال ہندوستان کی یوم آزادی یعنی 15 اگست کے موقع پر ایک دلکش پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جاریہ سال اس پریڈ میں جسے ’’انڈیا ڈے پریڈ‘‘ کہا جاتا ہے اور جو ہندوستان کے باہر کسی بھی ملک میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی پریڈ ہوتی ہے، ہندوستانی فوج کی بہادری اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کی جائے گی۔ یاد رہیکہ اس پریڈ کو دیکھنے کیلئے امریکہ میں مقیم ہندوستانیوں کی کثیر تعداد امریکہ کے ہر شہر سے یہاں پہنچتی ہے جسے امریکہ میں ایک اعظم ترین ثقافتی پروگرام کا درجہ حاصل ہے۔ ’’انڈیا ڈے پریڈ‘‘ کا جاریہ سال مرکزی تھیم ’’سپورٹ اور ٹروپس ۔ سلیوٹ اور ٹروپس‘‘ ہے۔ فیڈریشن آف انڈین ایسوسی ایشنس (FIA) نیویارک، نیوجرسی اور کنکٹی کٹ کی جانب سے اس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ 18 اگست کو 39 ویں ’’انڈیا ڈے پریڈ‘‘ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ میڈیسن ایونیو کی کئی دیگر ضمنی سڑکیں کھچاکھچ بھرجاتی ہیں جو میان ہٹن کے قلب میں واقع ہے۔ پریڈ میں جھانکیاں بھی پیش کی جاتی ہیں جنہیں پیش کرنے میں متعدد ہندوستانی ۔ امریکی تنظیمیں پیش پیش رہتی ہیں جن میں مارچنگ بینڈس، پولیس کی جمعیتیں اور نوجوان ہندوستانی نژاد امریکی رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کرتے ہیں۔ دریں اثناء ایف آئی اے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پریڈ دراصل ہندوستان اور امریکہ کا مشترکہ جشن ہے جو ہندوستانی فوج کے جانباز ہیروز کیلئے نذرانۂ عقیدت ہے۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہندوستان سے تعلق رکھنے والی مشہور و معروف ہستیاں بھی پریڈ کی قیادت کریں گی جن میں فلم ایکٹر اور بزنسمین سنیل شیٹی کا نام قابل ذکر ہے جنہوں نے ہندوستان کی مشہور و معروف حب الوطنی پر مبنی فلم ’’بارڈر‘‘ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سنیل شیٹی پریڈ کے گرانڈ مارشل ہوں گے جبکہ اداکارہ حنا خان اور نیشنل باسکٹ بال اسوسی ایشن کے کمشنر آڈم سلور مہمانان خصوصی ہوں گے۔ دوسری طرف ایف آئی اے کے نیویارک سہ ریاستی صدر الوک کمار نے کہا کہ ہماری فوجیں ہماری حفاظت کیلئے اپنی جان تک قربان کردیتی ہیں اور اس طرح ان کی قربانی کو ہم انڈیا ڈے پریڈ کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات اور بہادری کو یاد کرتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ گذشتہ سالوں میں انڈیا ڈے پریڈ میں ہندوستانی اداکار ارجن رامپال، ابھیشیک بچن، باہوبلی ایکٹر راناڈگوبٹی اور تمنا بھاٹیہ، سنی دیول اور روینہ ٹنڈن نے شرکت کی تھی۔
