نیویارک میں 9 جون کو ہند۔پاک T20 ورلڈکپ میچ

   

ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی میزبانی والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا شیڈول جاری

دبئی : رواں سال ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 2024 میں ہونے والا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اس فارمٹ کا نواں ٹورنمنٹ ہوگا جس کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکہ کرے گا۔یہ میگا ایونٹ یکم جون سے 29 جون تک کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز 6 اور امریکہ کے 3 مقامات پر ٹورنمنٹ کے 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ورلڈکپ کا افتتاحی میچ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ہوگا۔ اس ایونٹ میں 20 ٹیموں شامل ہوں گی جنہیں 5، 5 ٹیموں کے چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سوپر 8 مرحلہ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔اس کے بعد 4، 4 ٹیموں کے 2 گروپس میں سے ٹاپ 2،2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ ہندوستان اور پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی و رلڈکپ کے ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
گروپ اے: ہندوستان، پاکستان، آئرلینڈ، امریکہ،کینیڈا
گروپ بی: انگلینڈ آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ ، عمان
گروپ سی : نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگینڈا، پاپوا نیو گنی
گروپ ڈی : جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش،نیدرلینڈز، نیپال
ٹورنمنٹ کے گروپ میچز یکم جون سے 18 جون تک ہوں گے، سوپر 8 مرحلہ 19 سے 24 جون تک کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز 26 اور 27 جون کو ہوں گے ، جبکہ فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔ ورلڈ کپ میں انڈیا۔ پاکستان میچ 9 جون کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔ امریکہ کرکٹ ورلڈ کپ جتنے بڑے ایونٹ کی پہلی بار میزبانی کرے گا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ ٹورنمنٹ کا ڈیفنڈنگ چمپئن ہے، جس نے 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔