لاشیں ٹرکوں میں رکھنے پر مجبور
واشنگٹن 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا کے شہر نیویارک کے مردہ خانوں میں لاشوں کو رکھنے کے لیے جگہ کم پڑجانے کے بعد لاشوں کو سڑک پر کھڑے ٹرکوں پر رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔امریکا میں 30 اپریل کی صبح تک کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 61 ہزار تک جا پہنچی تھی اور وہاں پر متاثرین کی تعداد ساڑھے 10 لاکھ تک جا پہنچی تھی۔امریکا میں کورونا سے سب سے زیادہ ریاست نیویارک متاثر ہوئے ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے جب کہ وہاں 30 اپریل کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار تک جا پہنچی تھی اور ریاست کا دارالحکومت نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہے۔نیویارک شہر میں کورونا وائرس کی وبا سے بہت زیادہ ہلاکتیں ہونے کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے خصوصی مردہ خانوں کا انتظام بھی کیا تھا جب کہ کورونا میں ہلاک ہونے والے افراد کی آخری رسومات کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی تھیں۔تاہم اس کے باوجود نیویارک شہر کے بڑے مردہ خانوں میں بھی لاشیں رکھنے کے لیے جگہ کم پڑگئی تو مردہ خانوں کی انتظامیہ نے کرائے پر ٹرک حاصل کرکے انہیں سڑک پر کھڑا کرکے ان میں لاشیں رکھنے کا سلسلہ شروع کردیا۔ایک ایسے ہی مردہ خانے کی جانب سے ریفریجریٹر کے بغیر ٹرکوں پر رکھی گئی لاشوں سے تعفن اٹھنے کے بعد قریبی آبادی کو شدید پریشانی کا سامنا ہوا تو سیکیورٹی اہلکاروں نے آکر لاشوں کو محفوظ جگہ منتقل کردیا۔