واقعہ پر شبہات کا اظہار، امریکہ میں ٹی آر ایس کے ترجمان تھے
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے این دیویندر ریڈی کی نیوجرسی کے ایڈیسن علاقہ میں مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 29 ڈسمبر کو اُن کی کار میں دھماکہ دھماکہ ہوا جس میں وہ ہلاک ہوگئے۔ دیویندر ریڈی کی موت پر ہندوستانیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک حادثہ کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دیویندر ریڈی اپنی کار میں ٹیلی فون پر بات کررہے تھے کہ اچانک یہ دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس نے دیویندر ریڈی کی کار کی تصویر جاری کی جس میں کار کے آئینے ٹوٹے ہوئے ہیں اور ایک دھماکہ کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ دیویندر ریڈی امریکہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سرکاری ترجمان تھے اور ہندوستانی کمیونٹی میں کافی مقبول تھے۔ امریکن تلنگانہ سوسائٹی کے قیام میں دیویندر ریڈی نے اہم رول ادا کیا۔ تلنگانہ کے این آر آئیز جو امریکہ میں مقیم ہیں دیویندر ریڈی کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا۔
