نیٹوممالک کو روس سے ایندھن نہ خریدنے ٹرمپ کا انتباہ

   

واشنگٹن : 14ستمبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیٹو ممالک راضی ہوں تو روس پر بڑی پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہوں۔اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھاکہ نیٹو ممالک بھی روس کے خلاف ایسے ہی اقدامات شروع کریں اور نیٹو ممالک روس سے ایندھن خریدنا بند کردیں تو بڑی پابندیوںکیلئے تیار ہیں۔انہو ں نے کہا کہ چین پر 50 سے 100 فیصد مشروط ٹیرف یوکرین جنگ کے خاتمے میں مددگار ہوگا، نیٹو کا چین پر مشروط ٹیرف روس یوکرین جنگ خاتمہ کے بعد معطل ہوجائے گا، چین کا روس پر مضبوط کنٹرول ہے اور ٹیرف چین کی گرفت کو کمزور کردے گا۔امریکی صدر کا کہنا تھاکہ یوکرین جنگ ہماری نہیں، بائیڈن اور زیلنسکی کی شروع کی ہوئی ہے، میں جنگ روکنے اور یوکرینی، روسیوں کی جانیں بچانے میں مدد کر رہا ہوں۔ٹرمپ نے مزید کہاکہ جیسا میں کہہ رہا ہوں نیٹو ویسا کرے تو یوکرین جنگ جلد ختم ہوجائے گی، نیٹو ایسا نہیں کرتا تو میرا وقت اور امریکیوں کا پیسہ ضائع کرے گا۔دوسری جانب امریکہ نے جی 7 اور یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ روسی تیل خریدنے والے ممالک خصوصاً ہندوستان اور چین پر محصولات عائد کریں۔جی 7 وزرائے خزانہ کے اجلاس میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ اتحادی ممالک کو امریکہ کے ساتھ شامل ہو کر روسی تیل خریدنے والے ممالک پر محصولات لگانے چاہئیں، صرف متحدہ حکمتِ عملی ہی روسی صدر پوتن کی جنگی مشین کو کمزور کر سکتی ہے۔اجلاس میں یوکرین کے دفاع کیلئے منجمد روسی اثاثوں کے استعمال پر بات چیت کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

میں نے پوتن کے امن ارادوں کا غلط اندازہ لگایا : ٹرمپ
واشنگٹن، 14 ستمبر (یواین آئی ) امریکی صدر ٹرمپ نے حال ہی میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کو یوکرین میں جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنے کی اپنی صلاحیت پر شکوک کا اظہار کیا ہے ۔ انہیں یہ اعتراف کرنا پڑا ہے کہ انہوں نے پوتن کے امن کے ارادوں کا غلط اندازہ لگایا تھا۔ ویب سائٹ “ایکسوس” کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے قریبی ساتھیوں کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پوتن کی امن کی خواہش کا غلط اندازہ لگایا تھا۔امریکی صدر نے یوکرین میں جنگ کے تناظر میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا امکان دوبارہ ظاہر کیا ہے اور اس کے لیے دو شرائط رکھی ہیں۔ پہلی یہ کہ شمالی بحر اوقیانوس کا اتحاد (ناٹو) بھی اسی طرح کا قدم اٹھائے اور دوسری یہ کہ نیٹو کے کے رکن ممالک چین پر کسٹم ڈیوٹی عائد کریں۔انہوں نے “ٹروتھ سوشل” پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جب نیٹو ممالک روس کا تیل خریدنا بند کر دیں گے تو میں روس پر بڑی پابندیاں عائد کروں گا۔ جب تمام نیٹو ممالک ایسا کرنے پر متفق ہوں گے تو وہ ماسکو پر یہ پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے ایک روز قبل “فاکس نیوز” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اعلان کیا تھا کہ ان کا روسی صدر پوتین پر سے صبر ختم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے پاس بینکوں اور تیل پر پابندیاں اور مزید کسٹم ڈیوٹیز موجود ہیں جو وہ ماسکو کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں۔