نیٹ ، جے ای ای کا انعقادطلبہ کیلئے جوکھم

   

کئی ریاستی حکومتیں داخلہ امتحانات کو ملتوی کرانے کوشاں

نئی دہلی : حکومت دہلی نے اعادہ کیا ہے کہ میڈیکل اینڈ انجنیئرنگ انٹرنس اگزامس
NEET
اور
JEE
کو موجودہ کورونا ماحول میں ملتوی کردینا مناسب ہوگا ورنہ کم از کم 28 لاکھ اسٹوڈنٹس کی صحت کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سیسوڈیا نے چہارشنبہ کو کہا کہ مرکز کہہ رہا ہے کہ تمام ضروری پروٹوکول کی تعمیل کی جائے گی ۔ اب اگر اسٹوڈنٹس کو نیٹ اور جے ای ای (مین) امتحانات میں شرکت کیلئے مجبور کیا جاتا ہے تو لاکھوں ہندوستانیوں کے کووڈ ٹسٹ میں پازیٹیو پائے جانے کے اندیشے پیدا ہوجائیں گے۔آج صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اپنی پارٹی اور ہم خیال جماعتوں کے چیف منسٹروں کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں بھی نیٹ اور جے ای ای امتحانات کے مسئلہ پر غور کیا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا کہ تمام اپوزیشن چیف منسٹروں کو کورونا وباء کے تناظر میں نیٹ ، جے ای ای امتحانات ملتوی کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے مل کر رجوع ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال حکومت کی طرف سے وزیراعظم کو مکتوب تحریر کیا جاچکا ہے لیکن کوئی ردعمل حاصل نہیں ہوا۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی آج کہا کہ نیٹ اور جے ای ای میں شرکت کرنے والے اسٹوڈنٹس کو اپنی صحت اور اپنے مستقبل کے تعلق سے فکر لاحق ہے۔