نیٹ امتحانات میں دھاندلیوں کیخلاف کانگریس کی ریالی

   

سینئر قائدین کی شرکت، سپریم کورٹ کے برسر خدمت جج سے تحقیقات کا مطالبہ
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نیٹ امتحانات میں دھاندلیوں کے خلاف آج حیدرآباد میں احتجاجی ریالی منظم کی۔ گاندھی بھون سے ٹینک بینڈ تک نکالی گئی ریالی میں کانگریس، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی، مہیلا کانگریس اور دیگر محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ ورکنگ پریسیڈنٹ اور رکن کونسل مہیش کمار گوڑ، ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، رکن پارلیمنٹ بھونگیر سی ایچ کرن کمار ریڈی، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، رکن کونسل اور این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ، صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین نے احتجاجی ریالی میں حصہ لیا۔ ریالی میں شریک سینکڑوں کی تعداد میں احتجاجیوں نے مرکزی حکومت اور وزیراعظم کے خلاف نعرے لگائے۔ نیٹ امتحانات کے دوبارہ انعقاد کے حق میں پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔ نامپلی، بشیر باغ سے ریالی ٹینک بینڈ پہونچ کر اختتام کو پہونچی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ اور بی وینکٹ نے کہاکہ مرکزی حکومت 24 لاکھ طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نیٹ امتحانات کے پرچے کے افشاء کے بارے میں ثابت ہوچکا ہے لیکن مرکزی حکومت امتحانات کی منسوخی کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ NET کی طرح NEET امتحانات کے دوبارہ انعقاد کے ذریعہ طلبہ کو انصاف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہاکہ امتحانی نتائج مقررہ تاریخ سے 10 دن پہلے ہی جاری کردیئے گئے۔ اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کے بجائے وزیراعظم کو امتحانات کی منسوخی کا اعلان کرنا چاہئے۔ 24 لاکھ طلبہ اور اُن کے سرپرست ملک بھر میں احتجاج کررہے ہیں۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے بے قاعدگیوں کے ثبوت حکومت کے سامنے پیش کئے۔ بی وینکٹ نے کہاکہ بے قاعدگیوں کی سپریم کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرائی جائیں۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے 24 جون کو نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے گھیراؤ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے کانگریس کے کارکن حصہ لیں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے تعلیمی نظام کو تباہ کردیا ہے۔ مسابقتی امتحانات میں بے قاعدگیاں معمول بن چکی ہیں۔ 1