ملک بھر میں 12ستمبر کو ہی نیٹ امتحان کا انعقاد ہوگا ، 16لاکھ سے زیادہ طلبہ شرکت کریں گے
حیدرآباد : 6ستمبر ( سیاست نیوز) ملک بھر کے میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے انعقاد کئے جانے والے نیٹ 2021 امتحان کو ملتوی کرنے یا ری شیڈول کرنے کیلئے داخل کردہ درخواست کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا ہے جس کے بعد نیٹ امتحان کو لے کر جو تجسس تھا وہ ختم ہوگیا اور 12 ستمبر اتوار کو ہی نیٹ امتحان کا انعقاد ہوگا ۔ مرکزی حکومت نے 12 ستمبر کو نیٹ امتحان منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ، تاہم اسی دن دوسرے اہلیتی امتحانات کے علاوہ سی بی ایس ای کمپارٹمنٹ امتحانات بھی نہیں جس کی وجہ سے نیٹ امتحان کو ملتوی یا ری شیڈول کرنے کی سپریم کورٹ میں درخواست داخل ہوئی تھی ۔ سپریم کورٹ نے درخواست کو قبول نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں 16 لاکھ طلبہ نیٹ کا امتحان تحریر کررہے ہیں ، صرف چند طلبہ کے امتحانات کیلئے لاکھوں طلبہ تحریر کرنے والے نیٹ امتحان کو ملتوی یا ری شیڈول کرنا مناسب نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تعلیمی اُمور میں مداخلت کرنے سپریم کورٹ تیار نہیں ہے ۔ ہمارے فیصلے کا لاکھوں طلبہ پر اثر پڑتا ہے ۔ طلبہ کو دونوں امتحانات میں کسی ایک امتحان کا انتخاب کرنا ہوگا ۔ نیٹ امتحان کو ملتوی نہیں کیا جائیگا ۔ وہ شیڈول کے مطابق 12 ستمبر کو منعقد ہوگا ۔ کورونا بحران کی وجہ سے ابھی تک نیٹ امتحان کئی مرتبہ ملتوی کیا گیا ۔ مئی میں منعقد ہونے والے اس امتحان کو مرکزی حکومت نے ملتوی کیا ۔ یکم اگست کو منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم کورونا وباء میں کوئی کمی نہ آنے پر دوبارہ 12 ستمبر کو انعقاد کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ ہندی ۔ انگریزی کے بشمول 11علاقائی زبانوں میں نیٹ امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ (N)