نیٹ امتحان کے التواء کی خبر فرضی

   

آئندہ ماہ ٹسٹ کی تیاریاں ، امتحانی مراکز میں اضافہ ، سماجی فاصلہ پر عمل کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 18جون(سیاست نیوز) سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی ہر خبر درست نہیں ہوتی اور نہ ہی ہر خبر پر اعتبار کیا جاسکتا ہے اسی لئے سوشل میڈیا پر آنے والی کسی بھی خبر کی تحقیق سے قبل اسے پھیلانے سے گریز کرنا لازمی ہے۔ ملک بھر میں نیٹ کے التواء کے متعلق ایک اعلامیہ گشت کررہا تھا جو کہ فرضی ثابت ہوچکا ہے ۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے منعقد کئے جانے والے امتحانات میں نیٹ کو کافی اہمیت حاصل ہے اور سال گذشتہ
NEET-19
میں زائد از 15لاکھ طلبہ نے شرکت کی تھی اور
NEET-2020
میں حصہ لینے کے لئے 15لاکھ 93ہزار 452 امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کروایا ہے۔ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی نگرانی میں منعقد کئے جانے والے نیٹ کے امتحان کا 3مئی کو انعقاد ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وباء اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کے سبب حکومت نے امتحان 26 جولائی کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن گذشتہ چند یوم سے سوشل میڈیاپر گشت کررہے ایک مکتوب میں یہ دعوی کیا جا رہا تھا کہ نیٹ کے امتحان کی تاریخ دوبارہ تبدیل کردی گئی ہے اور اسے اگسٹ کے آخری ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے لیکن وزارت کی جانب سے اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے بلکہ کورونا وائرس سے احتیاط کی تمام تدابیر اختیار کرتے ہوئے 26 جولائی کو امتحانات منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں اور ملک بھر میں 3000 مراکز کا اضافہ کرتے ہوئے سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ امتحانات کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ نیٹ کے التواء کے سلسلہ میں سوشل میڈیا پر گشت کرر ہے مکتوب کے فرضی ہونے کے متعلق محکمہ اطلاعات عامہ کی جانب سے توثیق کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ امتحانات کو معلنہ تاریخ پر منعقد کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیںاور جو مکتوب سوشل میڈیا پر گشت کررہا ہے وہ فرضی ہے۔