نیٹ اور جے ای ای کے جولائی میں انعقاد کیلئے جائزہ کمیٹی کی آج رپورٹ

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل رمیش پوکھریال نشانک نے آج بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر جولائی میں میڈیکل انٹرنس امتحان نیٹ اور انجینئرنگ امتحان جے ای ای کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے ایک پیانل تشکیل دیا گیا ہے۔ طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے جولائی میں اِن امتحانات کے انعقاد پر تشویش کا اظہار کرنے کے بعد وزارت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ موجودہ صورتحال اور طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے موصولہ درخواستوں کو دیکھتے ہوئے نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے عہدیداروں اور دیگر ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد جمعہ تک اپنی سفارشات پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ نیٹ امتحان 26 جولائی کو مقرر ہے جبکہ جے ای ای 18 تا 23 جولائی کے درمیان منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سنٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن سی بی ایس ای نے سرپرستوں کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کے بعد یکم تا 15 جولائی منعقد ہونے والے بورڈ امتحانات کے پرچوں کو منسوخ کردیا ہے۔