نیٹ طالبہ کی موت، سی بی آئی تحقیقات کی سفارش

   

پٹنہ۔ 31 جنوری (یواین آئی) بہار حکومت نے پٹنہ میں نیٹ کی تیاری کر رہی ایک طالبہ کے مبینہ جنسی استحصال اور موت کے معاملے میں مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) سے تحقیقات کرانے کی سفارش کی ہے ۔ نائب وزیرِ اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ہفتہ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے حکومتِ ہند سے اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپنے کی درخواست کی ہے ، تاکہ واقعہ کا منصفانہ، شفاف اور انصاف پر مبنی انکشاف ہو سکے ۔ یہ سفارش ایسے وقت پر کی گئی ہے جب پیر سے بہار اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا ہے ۔ اس معاملے میں ایک دن پہلے ہی مقتولہ کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا تھا کہ ریاستی پولیس جنسی استحصال کی بات سے انکار کر کے معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ متاثرہ کے اہلِ خانہ جمعہ کو پولیس ڈائریکٹر جنرل ونے کمار سے ملے تھے اور انصاف یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ مقامی پولیس کے کچھ افسران اس معاملے میں مشتبہ افراد سے ملے ہوئے ہیں۔