اسلام آباد : پاکستان میں نیٹ فلکس کی طرز پر اسٹریمنگ ویب سائٹ اردو فلکس جلد دیکھی جاسکے گی۔اس سے قبل اکتوبر میں وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ حکومت جلد نیٹ فلیکس کی ٹکرپرویب سائٹ متعارف کرائے گی، جس کا کافی کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے پیمرا سے مواد آن ایئر کرنے سے متعلق ہدایات کی تیاری کیلئے کہہ دیا ہے۔تاحال حکومت کی جانب سے تو اسٹریمنگ ویب سائٹ سے متعلق پیشرفت سامنے نہیں آئی، تاہم نجی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ای میکس میڈیا نے ‘‘اردوفلکس ’’ کو لانچ کرنے کی تاریخ بتا دی ہے۔گزشتہ ماہ ایک انٹرٹینمںٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ای میکس میڈیا گروپ کے بانی فرحان گوہرنے تصدیق کی تھی کہ وہ جلد اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرانے جا رہے ہیں۔ای میکس میڈیا کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق پہلے اردو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ‘‘اردو فلکس’’ کوجنوری 2021 کے وسط میں لانچ کیا جائے گا۔اردو فلکس پر ڈرامے، فلمیں، دستاویزی فلمیں، کامیڈی اور رئیلٹی شوزسمیت ترکی کے ڈرامے بھی اردو ڈبنگ کے ساتھ نشرکیے جائیں گے۔اردو فلکس کا آفیشل انسٹاگرام اکاونٹ بھی موجود ہے جس کی پوسٹس سے علم ہوتا ہے کہ پاکستان کے اس پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کیلئے اوریجنل ویب سیریزتیارکی جارہی ہیں۔یاد رہے کہ نیٹ فلکس یا اسی طرز کی دوسری اسٹریمنگ سائٹس کی سبسکرپشن کیلئے صارف کو ماہانہ فیس ادا کرنا ہوتی ہے جس کے بعد وہ مذکورہ سائٹ پر فلمیں ، ڈرامے اور دیگر تفریحی مواد دیکھ سکتا ہے۔نیٹ فلکس ویڈیو اسٹریمنگ کی امریکی کمپنی ہے جس نے کنزیومر الیکٹرونکس شو 2016ء کے موقع پر پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے 130 ممالک میں اپنی خدمات کا آغاز کیا۔