چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آئی لائین اسٹوڈیو کا افتتاح کیا، عالمی تفریحی صنعت کا حیدرآباد میں فروغ
حیدرآباد 12 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نیٹ فلکس (Netflix) کو فیوچر سٹی میں کارپوریٹ آفس قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔ چیف منسٹر نے آج حیدرآباد میں نیٹ فلکس کے آئی لائین اسٹوڈیو کا افتتاح کیا۔ انہوں نے حیدرآباد میں نیٹ فلکس کی سرگرمیوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد میں بین الاقوامی تفریحی اداروں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ فلکس اسٹوڈیو کے قیام سے حیدرآباد میں ہالی ووڈ کی سرگرمیوں میں اضافہ یقینی ہے ۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ چیف منسٹر نے نیٹ فلکس کے آئی لائین اسٹوڈیو کا افتتاح کیا جہاں ویب سیریز اور فلموں کی تیاری کا کام انجام دیا جائیگا ۔ حکومت کی موافق صنعتی پالیسی سے متاثر ہوکر کمپنی نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر فلم ایکٹر رانا دگوباٹی ، نیٹ فلکس اسٹوڈیو کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر جیف شیپیرو اور کمپنی کے کئی اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری سنجے جاجو اور اسپیشل سکریٹری برائے چیف منسٹر اجیت ریڈی نے تقریب میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے گزشتہ کئی دہائیوں سے فلمسازی میں ٹکنالوجی کے استعمال کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ حیدرآباد میں قائم ہونے والا آئی لائین اسٹوڈیو آئندہ چند برسوں میں تلگو فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی فلموں کا شوق رہا ہے اور حالیہ برسوں میں کئی تلگو فلموں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نیٹ فلکس کی آئی لائین اسٹوڈیوز کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان اور تلنگانہ عالمی تفریحی صنعت کے مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ حیدرآباد میں وائبرینٹ اینیمیشن ، ویژول ایفکٹس ، گیمنگ اور کامکس کے شعبہ جات کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے نیٹ فلکس کی حیدرآباد میں توسیعی منصوبہ میں حکومت کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا اور فیوچر سٹی میں خصوصی انٹرٹینمنٹ زون اور آرٹیفشل انٹلیجنس کے قیام کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم کمپنی کو بھارت کی فیوچر سٹی میں کارپوریٹ آفس کے قیام کی دعوت دیتے ہیں۔ حکومت ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ فیوچر سٹی میں دنیا کی 500 فارچون کمپنیاں موجود رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ فلکس دنیا بھر سے ٹائلینٹ اور مواد جمع کرتے ہوئے عالمی ناظرین تک پہنچاتا ہے ، وہیں حیدرآباد عالمی سطح پر صلاحیتوں کو مربوط کرنے کا مرکز بن چکا ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں اسپورٹس کے فروغ اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر سے واقف کرایا اور کہا کہ حکومت اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔1
چیف منسٹر ریونت ریڈی آج موسیٰ ندی ترقیاتی ایکشن پلان جاری کریں گے
حیدرآباد ۔12 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی کل 13 مارچ کو موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کی تقریب میں موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کا مکمل پلان جاری کریں گے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے پہلی مرتبہ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کا جامع منصوبہ جاری کیا جارہا ہے جس کے لئے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن رہے گا۔ اپوزیشن اور جہدکاروں کی جانب سے پراجکٹ کی مخالفت کے پیش نظر چیف منسٹر نے غلط فہمیوں کو دور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ دانشوروں ، ماحولیات کے ماہرین ، شہری ترقی کے ماہرین ، آرکیٹکٹس اور اہم صنعتی اداروں کے نمائندے بھی پریزینٹیشن میں موجود رہیں گے۔ موسیٰ ندی کی تاریخی اہمیت اور وراثت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ آلودگی سے بچاؤ حکومت کا منصوبہ ہے۔ 55 کیلو میٹر پر محیط موسیٰ ندی کے دونوں جانب تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔1