نیٹ میں 410 مارکس پر کنوینر کوٹہ میں ایم بی بی ایس نشست ملنے کا امکان

   

تلنگانہ میں 34 سرکاری اور 30 خانگی میڈیکل کالجس ، جملہ 8690نشستیں ، 5,500 کنوینر کوٹہ کو مختص
حیدرآباد۔ 23 جون (سیاست نیوز) نیٹ کے نتائج کی اجرائی کے بعد طلبہ اور ان کے والدین کونسے میڈیکل کالج میں نشست حاصل ہوسکتی ہے، یہ اندازہ لگانے میں مصروف ہیں۔ انہیں حاصل ہونے والے رینک، مارکس اور سماجی بنیاد پر کونسے میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی نشست حاصل ہوگی، اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ عنقریب شروع ہونے والی کونسلنگ میں آل انڈیا کوٹہ کیلئے بھی ریاست کے طلباء و طالبات اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کی تعداد 34 ہے، ان میں 4,090 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں۔ ان میں 15% نشستیں آل انڈیا کوٹہ کو مختص کی جاتی ہیں، اس کے علاوہ ایمس بی بی نگر میں 100 نشستیں، ای ایس آئی صنعت نگر میں 150 ایم بی بی ایس نشستیں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 30 خانگی میڈیکل کالج ہیں جن میں 4,600 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں۔ ان خانگی کالیجس میں چند کالیجس نے گزشتہ سال ’’ڈیم یونیورسٹی‘‘ کا درجہ حاصل کرلیا جس کی ایم بی بی ایس نشستیں ریاست کے کنٹرول میں نہیں آئیں گی۔ خانگی میڈیکل کالجس کی 50% نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت پُر کی جاتی ہے۔ کالوجی ہیلتھ یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 5,500 ایم بی بی ایس کی نشستوں کی کنوینر کوٹہ کے تحت بھرتی کی جائے گی۔ جاریہ سال نیٹ میں 22.09 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی اور 12.35 لاکھ طلبہ نے کوالیفائی کیا۔ تلنگانہ سے 70,259 طلبہ نے امتحان لکھا اور 41,584 طلبہ کوالیفائی ہوئے۔ گزشتہ سال کی بہ نسبت اس سال نیٹ امتحان لکھنے والے 8 ہزار طلبہ کی تعداد کم ہوئی ہے۔ اس سال نیٹ کا امتحان کٹھن ہونے کی وجہ سے طلبہ کے مارکس میں بھی کمی آئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 410 سے 425 مارکس حاصل کرنے والوں کو کنوینر کوٹہ میں ایم بی بی ایس نشست حاصل ہوسکتی ہے۔ EWS زمرے میں 410 مارکس حاصل کرنے پر بھی نشست حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ ملک بھر میں سرکاری میڈیکل کالیجس میں 15% نشستیں آل انڈیا کوٹہ میں مختص ہیں۔ ملک بھر میں 20 ایمس ہے، ان میں 2,044 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں۔ جپمر پڈوچری اور کرائیکل میں ملاکر 200 نشستیں ہیں۔ آل انڈیا کوٹہ کیلئے دو مرتبہ کونسلنگ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ نشستیں حاصل کرنے والے طلبہ کو لازمی طور پر داخلہ لینا پڑتا ہے۔ اس کوٹہ میں نشست حاصل کرنے والے طلبہ ریاست کی کونسلنگ میں حصہ نہیں لے سکتے۔ آل انڈیا کوٹہ کونسلنگ کے اختتام کے بعد ریاست کے حدود میں موجود ایم بی بی ایس نشستوں کی ہیلتھ یونیورسٹی کونسلنگ کا اہتمام کرتی ہے۔ سرکاری میڈیکل کالیجس کی تمام نشستیں کنوینر کوٹہ میں پُر کی جائیں گی۔ خانگی کالیجس کی 50% نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت مختص کی جائیں گی۔ مابقی 50 نشستوں میں 35% بی زمرہ (مینجمنٹ)، مزید 15% نشستیں سی زمرہ (این آر آئی) کے تحت پُر کی جائیں گی۔ ریاست تلنگانہ کے بی بی نگر ایمس میں کٹ آف مارکس 580 ہونے کے امکانات ہیں۔