34 سرکاری میڈیکل کالجس میں 4090 ‘خانگی میڈیکل کالجس میں 4350 ایم بی بی ایس کی نشستیں
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے ریاست میں تعلیمی سال 2025-26 کے لیے ایم بی بی ایس ۔ بی ڈی ایس کورسیس میں داخلوں کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے ۔ نیٹ یو جی 2025 میں کوالیفائی ہونے والے امیدواروں کو 16 جولائی صبح 8 بجے سے 25 جولائی شام 6 بجے تک tsmedadm.tsche.in ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن میں رجسٹریشن کرالینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ رجسٹریشن کے وقت او سی اور بی سی امیدواروں کو 4 ہزار‘ ساتھ ہی ایس سی اور ایس ٹی امیدواروں کو 3200 فیس اور بنک چارجس ادا کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ امیدواروں کو ذات پات ، مقامی ( لوکل ) سے متعلق سرٹیفیکٹس کو لازمی طور پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سرٹیفیکٹس کی جانچ کے ساتھ ریاستی طلبہ کی فہرست کیساتھ میرٹ لسٹ بھی جاری کی جائیگی جس کے بعد ویب آپشن کے عمل کا آغاز ہوگا ۔ ہیلپ لائن نمبرات کا بھی اعلان کیا جائے گا ۔ مزید تفصیلات اور اپ ڈیٹ کے لیے knruhs.telangana.gov.in ویب سائٹ پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ ریاست میں سرکاری خانگی میڈیکل کالجس کے ساتھ ڈیمڈ یونیورسٹی ، مرکزی حکومت کے ادارے اس طرح جملہ 64 میڈیکل کالجس ہیں ۔ جن میں 34 گورنمنٹ میڈیکل اور 26 خانگی میڈیکل کالجس ہیں ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی 85 فیصد نشستیں اور خانگی میڈیکل کالجس کی 50 فیصد نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت پر کی جائیں گی ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 4090 نشستیں ہیں ۔ ان میں 15 فیصد یعنی 613 نشستیں آل انڈیا کوٹہ میں جاتی ہیں ۔ ماباقی 3477 نشستیں تلنگانہ کے طلبہ کو حاصل ہوں گی ساتھ ہی 26 خانگی میڈیکل کالجس میں 4350 نشستوں میں 50 فیصد نشستیں یعنی 2175 نشستیں کنوینر کوٹہ میں بھرتی کی جائیں گی ۔ 2