نیٹ کیس ، ایک اور ملزم کو ضمانت

   

پٹنہ: بہار کے پٹنہ کی ایک خصوصی عدالت نے آج قومی جانچ ایجنسی کے ذریعہ منعقدہ قومی اہلیت کم داخلہ ٹسٹ (این ای ای ٹی) 2024 کے سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں ایک اور ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ وہیں گرفتار دیگر ملزم کو آٹھ دن کے پولس ریمانڈ پر حراست میں پوچھ گچھ کے لیے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا۔
اس معاملے میں جیل میں بند ملزم مکیش کمار کی جانب سے سی بی آئی اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کماری رنکو کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں ان کی رہائی کی اپیل کی گئی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو 10 ہزار روپے کے دو مچلکے جمع کرانے پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ سی بی آئی نے یکم اگست 2024 کو داخل کی گئی چارج شیٹ میں اس ملزم پر فرد جرم عائد نہیں کی ہے ۔ اسی طرح کے حالات میں اس عدالت نے پہلے دو دیگر ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔وہیں سی بی آئی نے آج اس معاملے میں گرفتار ایک اور ملزم امت کمار کو اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا، جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں لے لیا گیا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے ایک درخواست دائر کی جس میں ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے پولیس ریمانڈ دینے کی درخواست کی گئی۔ اپیل کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے ملزم کو حراست میں پوچھ گچھ کے لیے آٹھ دن کے پولس ریمانڈ پر سی بی آئی کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ این ای ای ٹی 2024 کا امتحان ملک بھر میں 05 مئی 2024 کو منعقد ہوا تھا۔ پٹنہ کے شاستری نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج امر کمار نے اس امتحان کے دوران بے ضابطگیوں کے الزام میں کچھ لوگوں کو گرفتار کیا اور شاستری نگر پولیس اسٹیشن کیس نمبر 358/2024 کے طور پر ایف آئی آر درج کی تھی۔ بعد ازاں کیس اکنامک آفنس یونٹ کے سپرد کر دیا گیا۔ اس کے بعد سوالیہ پرچہ لیک ہونے کا معاملہ سامنے آیا اور مرکزی حکومت نے معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی۔