ماہرین کے پیانل کے ذریعہ پری کونسلنگ سشن کا انعقاد
حیدرآباد 9 جنوری ۔ نیٹ (میڈیکل) کی کونسلنگ تلنگانہ اسٹیٹ میں اے زمرہ کی شروع ہوچکی ہے۔ آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 11 جنوری مقرر ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس کے ساتھ پرائیوٹ میڈیکل کالجس کے لئے 50 فیصد نشستوں پر داخلے ہوں گے اور بی زمرہ مینجمنٹ کوٹہ اور سی زمرہ این آر آئی کوٹہ کا علیحدہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور کونسلنگ رہے گی۔ ان معلومات کو یہاں رائل ریجنسی گارڈن میں منعقدہ میناریٹی نیٹ پری کونسلنگ سشن میں ماہرین نے کیا۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی اور ادارہ سیاست کے باہمی اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر محمد معظم حسین ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے کہاکہ ایسے پروگرام نیٹ کے رجسٹریشن کے ساتھ ہی شروع کرنا چاہئے تاکہ طلبہ کو ابتداء سے واقفیت ہو اور مدد مل سکے۔ نیٹ کے ذریعہ اہم کورسیز ایم بی بی ایس / بی ڈی ایس کے ساتھ ایوش کورسیز شامل ہیں۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے نیٹ کی کونسلنگ کا مکمل طریقہ کار بتایا اور کہاکہ طلباء اور سرپرست ایم بی بی ایس / بی ڈی ایس کے بی زمرہ اور سی زمرہ کی علیحدہ کونسلنگ ہوتی ہے اور اس کے لئے الگ رجسٹریشن کروانا ہوتا ہے۔ اب جو رجسٹریشن چل رہا ہے وہ صرف اے زمرہ کے لئے ہے۔ احمد بشیرالدین فاروقی موظف ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے اس موقع پر بتایا کہ طالب علم اسکالرشپ کے ذریعہ تعلیم حاصل کریں۔ انھوں نے مختلف اسکیمات بتائیں۔ جناب صادق ڈائرکٹر ایم ایس اکیڈیمی نے انٹر کے طلبہ کو نیٹ کی کونسلنگ میں غلطی نہ کرتے ہوئے داخلے کا مشورہ دیا۔ خواجہ علی شعیب نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ طلباء سرپرستوں کے سوالات کے جوابات دیئے گئے۔