نیٹ-یو جی کے نتائج کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج

   

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز نیٹ-یو جی 2025 کے ایک سوال میں مبینہ غلطی کے سبب اس کے نتائج کو چیلنج کرنے والی عرضی پر غور کرنے سے انکار کر دیا۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بینچ نے کہا کہ دو روز قبل اسی نوعیت کی ایک اور عرضی کو خارج کیا جا چکا ہے اور عدالت انفرادی امتحانات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔بینچ نے کہا: ہم پہلے ہی ایسے ہی معاملات کو مسترد کر چکے ہیں۔ ہم اس بات سے متفق ہیں کہ کئی سوالات کے متعدد صحیح جوابات ہو سکتے ہیں، لیکن ہم ایسے امتحان میں مداخلت نہیں کر سکتے جس میں لاکھوں امیدوار شریک ہوتے ہیں۔ یہ کسی ایک شخص کا معاملہ نہیں ہے، ہزاروں طلبہ متاثر ہوں گے۔عدالت ایک امیدوار کی طرف سے دائر اس عرضی کی سماعت کر رہی تھی جس میں ایک مبینہ غلطی کی اصلاح اور نتائج میں ترمیم کی درخواست کی گئی تھی۔ قومی اہلیت و داخلہ امتحان ایک ملک گیر میڈیکل داخلہ امتحان ہے جو نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے منعقد کیا جاتا ہے۔نیٹ-یو جی ہندوستان میں میڈیکل (ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، آیوش، ویٹرنری) کورسز میں داخلے کے لیے منعقد ہونے والا سب سے بڑا اور واحد قومی امتحان ہے۔