7 مئی کو امتحان ، آصف آباد، وقارآباد و میدک سنٹرس برخواست
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) ملک میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے انعقاد کئے جانے والے نیٹ یو جی 2023 کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے بتایا کہ 7 مئی کو ملک بھر میں نیٹ امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ جاریہ سال تلنگانہ کے جملہ 21 ضلع ہیڈکوارٹرس پر نیٹ کے امتحانی مراکز قائم کرنے کا اعلامیہ میں اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال 24 اضلاع میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ جاریہ سال اضلاع کمرم بھیم آصف آباد، وقارآباد اور میدک میں امتحانی مراکز قائم نہیں کئے جارہے ہیں۔ ان اضلاع کے طلبہ کو اپنے قریبی اضلاع کے امتحانی مراکز کا انتخاب کرنے مشورہ دیا گیا ہے۔ نیٹ امتحان کا انعقاد کرنے والی National Testing Agency نے گذشتہ سال ملک بھر میں 543 امتحانی مراکز قائم کئے تھے۔ جاریہ سال 485 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ ملک میں امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کے باوجود تلنگانہ میں تین مراکز کو برخواست کردیا گیا ۔ نیٹ کے ذریعہ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی اے ایم ایس، بی ایس ایم ایس، بی یو ایم ایس، بی ایچ ایم ایس کورسیس میں داخلے دیئے جاتے ہیں۔ن
