نیٹ 2019 ء کی دوبارہ جانچ سے دہلی ہائیکورٹ کا انکار

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔25 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائیکورٹ نے قومی اہلیتی و داخلہ ٹسٹ (نیٹ) 2019 ء کے پرچوں کی دوبارہ جانچ اور نشانات کی گنتی کی درخواست کو آج خارج کردیا ۔ درخواست گذار نے دعویٰ کیا تھا کہ کم سے کم چار سوالات کے ایک سے زائد صحیح جوابات تھے ۔ جسٹس جئینت ناتھ نے کہا کہ درخواست گذار بادی النظر میں کوئی واضح غلطی بتانے میں ناکام ہوئے ہیں جس (غلطی) پر عدالت کیلئے عبوری احکام جاری کرنا لازم ہوسکتا تھا ۔ امیدواروں نے درخواست کی تھی کہ عبوری اقدام کے طورپر چاروں متعلقہ سوالات حذف کردیئے جائیں اور مکمل طورپر نشانات کی دوبارہ گنتی کی جائے لیکن حکام نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی اور کہاکہ موجودہ مرحلہ پر ایسا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس سے سارے ملک کی میرٹ لسٹ ہی تبدیل ہوجائے گی ۔ درخواست گذاروں نے کہاکہ سوالنامے میں کم سے کم چار سوالات ایسے تھے جن کے ایک سے زائد صحیح جوابات تھے جبکہ قطعی ’جوابی کی ‘ میں ایک غیردرست جواب تھا جو سائنس ، این سی آر ٹی کتب اور بین الاقوامی ماہرین کے بنیادی ضابطوں سے متضاد ہے ۔