نیٹ 2022 کے نتائج کا اعلان- ہریانہ کی تنشکا سر فہرست، دہلی کے آشیش بترا کو دوسرا مقام

,

   

نئی دہلی: میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ انڈر گریجوایٹ (NEET2022 UG ) کا نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ہریانہ کی تنشکا سمیت کل 4 امیدواروں نے امتحان میں ٹاپ کیا ہے، جبکہ دہلی کے آشیش بترا ٹاپرز کی فہرست میں دوسرے مقام پر ہیں۔ تنشکا نے 720 میں سے 715 نمبر حاصل کئے ہیں۔بنیادی طور پر ہریانہ کے نارنول کی رہنے والی تنشکا نے نہ صرف نیٹ میں ہی ٹاپ نہیں کیا ہے بلکہ انہوں نے اس سے قبل جے ای ای مینز میں بھی 99.50 پرسنٹائل حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے 12ویں جماعت میں 98.6 فیصد اور 10ویں جماعت میں 96.4 فیصد نمبر حاصل کئے تھے۔ تنشکا اب ایمس دہلی میں کارڈیو، نیورو یا آنکولوجی میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ نیٹ یو جی 2022 کا امتحان 17 جولائی کو ملک بھر میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے لئے تقریباً 18.72 لاکھ امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا جن میں سے 993069 طلبا نے کامیابی حاصل کی ہے۔نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے نیٹ کی آنسر شیٹ بھی جاری کر دی ہے۔ این ٹی اے کے مطابق جنرل زمرے کے امیدواروں کے لیے نیٹ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کٹ آف 50 فیصد ہے۔ جبکہ محفوظ زمرہ میں ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے لئے یہ 40 فیصد ہے۔ میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ یو جی 2022 کا اسکور کارڈ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔ این ٹی اے نے امیدواروں کو نتیجہ چیک کرنے کے لیے براہ راست لنک بھی فراہم کیا ہے۔