کھٹمنڈو: نیپال کے کوہ پیما کامی ریٹا شیرپا نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو 26 ویں مرتبہ فتح کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ایک سرکاری افسر نے اتوار کو یہ اطلاع دی ۔ نیپال کے 52 سالہ کامی ریٹا نے ہفتے کے روز 26 ویں مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ فتح کر کے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ اس نے کل روایتی جنوب مشرقی رج راستے سے 10 دیگر شیرپا کوہ پیماؤں کے ساتھ 8,848.86 میٹر (29,031.69فٹ) کی بلندی پرچڑھائی کی ۔ دارالحکومت کھٹمنڈو میں محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل تراناتھ ادھیکاری نے کہا ’’کامی ریٹا نے اپنے پچھلے سال کا ریکارڈ توڑ کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ‘‘۔