کٹھمنڈو۔نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی کے سیاسی مستقبل کو طے کرنے کیلئے برسراقتدار کمیونسٹ پارٹی (این سی پی) کی چہارشنبہ کو ہونے والی میٹنگ پھر سے جمعہ تک ملتوی کردی گئی ہے ۔ این سی پی کی میٹنگ چوتھی مرتبہ ملتوی کی گئی ہے ۔میٹنگ ملتوی ہونے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے ۔ وزیراعظم کے پریس مشیر سوریہ تھاپا نے اعلان کردیا ہے کہ میٹنگ ملتوی کردی گئی ہے ۔مقامی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کو اس لئے ملتوی کرنا پڑا کیونکہ پارٹی کے کو۔چیرمین پشپ کمل دہل کی قیادت اور سینئر لیڈر جھلناتھ کھنال اور مادھو کمارنیپال کے ذریعہ حامی گروپوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم کے پی اولی کو یا تو وزیراعظم کے عہدے سے یا پھر کو۔ چیئرمین شپ سے استعفیٰ دینا چاہئے ۔ اس مطالبے کی وجہ سے پارٹی میں دراڑ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔سابق وزیراعظم پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ نے وزیراعظم اولی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حالیہ ہندوستان مخالف تنقید نہ تو سیاسی طور سے صحیح ہے اور نہ ہی ڈپلومیٹک طریقے سے مناسب ہے ۔اس درمیان نیپال میں چین کے سفیر ہاؤ یانکی نے این سی پی کے سینئر لیڈروں سے ملاقات کی ہے ۔ وزارت خارجہ سمیت کئی فریقوں نے اس پر تقید کرتے ہوے کہا کہ سفیر کے حالیہ اقدامات ڈپولیمنٹ آداب کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔