نئی دہلی ۔ 21 جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) آدھارکارڈس کے ذریعہ اندرون 15 سال اور زائد از 65 سال کی عمر کے حامل ہندوستانی نیپال اور بھوٹان کو سفر کرسکیں گے ،یہ اطلاع ہوم منسٹری کے ذرائع نے دی ۔ اس ضمن میں مذکورہ اجازت یافتہ عمروں کے ہندوستانیوں کو کسی بھی ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ہوم منسٹری نے اپنی وضاحت میں یہ بات کہی ۔ تاہم یہ ضروری ہوگا کہ نیپال اور بھوٹان کو سفر کے خواہشمندوں کے پاس قابل استعمال پاسپورٹ ، حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ فوٹو شناختی کارڈ یا پھر الیکشن آئی ڈی کارڈ جو ’’ای سی آئی‘‘ سے جاری کردہ ہو ، ساتھ رکھنا ضروری ہوگا ۔ واضح رہے کہ قبل ازیں مذکورہ حد عمر والوں کو ان کا پیان کارڈ ، ڈرائیونگ لائیسنس ، مرکزی حکومت کا ہیلت سرویس کارڈ ( سی جی ایچ ایس ) یاراشن کارڈ سفر کیلئے ضروری قرار دیا گیا تھا جبکہ ’’آدھار کارڈ ‘‘ کو اس موقع پر ناقابل قبول رکھا گیا تھا ۔ عہدیدار نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کٹھمنڈو میں واقع ایمبیسی آف انڈیا کے جاری کردہ ’’سرٹیفکیٹ آف رجسٹریشن‘‘ کے ذریعہ نیپال اور ہندوستان کے درمیان ’’سفری دستاویز‘‘ کے طورپر ’’قابل قبول ‘‘ نہیں ہے تاہم ایمرجنسی سرٹیفکیٹ اور آئی ڈی کارڈ جو نپال میں موجود انڈین ایمبیسی صرف ایک رُخی سفر جو نیپال سے ہندوستان واپس جانے کیلئے ہو ، کارکرد ہوگا۔