نیپال سے جعلی نوٹ لانے والے تین افراد کو پکڑلیا گیا

   

بریلی: اتر پردیش کے بریلی ڈویژن سے متصل نیپال کی سرحد سے کل دیر رات ہندوستان میں جعلی کرنسی لانے والے تین لوگوں کو پولس نے گرفتار کیا۔خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن کر کے ان لوگوں کو پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ نیپال کے راستے اتراکھنڈ، پیلی بھیت، بریلی کے علاقوں میں جعلی کرنسی بھیجتے تھے ۔ اس گینگ کے بارے میں تفصیلی اطلاعات اکٹھی کرنے کے لیے تینوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شام کے وقت بہت سے لوگ نیپال سے ہندوستانی سرحد پر جعلی کرنسی لاتے ہیں۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولس نے جمعرات کی شام دیر گئے کارروائی کی اور ضلع کے فتح گنج ویسٹ علاقے میں تین لوگوں کو جعلی نوٹوں کے ساتھ حراست میں لیا۔ طویل پوچھ گچھ کے بعد ان کے خلاف فتح گنج ویسٹ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ملزمان سے 500 روپے کے 719 جعلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔ خفیہ اداروں نے بھی پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ۔ دیہات بریلی کے ایس پی راجکمار اگروال نے جمعہ کی صبح کہا کہ فتح گنج ویسٹ پولیس اسٹیشن نے پیلی بھیت کے دوریا کلاں کے شیوا، علی گنج (بریلی) کے ڈھکیہ گاؤں کے پشپندر سنگھ اور پیلی بھیت کے دوریا کے شعیب کو پکڑا ہے ۔ تینوں بائک سے بریلی سے دہلی جا رہے تھے ۔