کھٹمنڈو : تحقیقات کاروں کی ایک رپورٹ کے مطابق پائلٹوں نے غلطی سے بجلی کاٹ دی جس کی وجہ سے 15 جنوری 2023 میں نیپال میں طیارہ گر کر تباہ ہوا اور اس میں سوار تمام 72 افراد کی موت واقع ہو گئی تھی۔15 جنوری کو یتی ایئرلائنز کا دو انجنوں والا اے ٹی آر 72-500 طیارہ ہمالیہ کے پہاڑی علاقے پوکھرا میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب کھائی میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کی جگہ رن وے سے تقریباً 1.6 کلومیٹر دور اور 820 میٹر کی بلندی پر تھی۔تین دہائیوں میں نیپال میں ہونے والے بدترین طیارہ حادثے کا شکار بننے والوں میں دو نوزائیدہ بچے، عملے کے چار ارکان اور 15 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔حکومت کی جانب سے مقرر کردہ تحقیقاتی پینل کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پائلٹس کی غلطی کی وجہ سے ایروڈائنامک نظام میں خلل پیدا ہو گیا۔ایروناٹیکل انجینیئر اور تحقیقاتی پینل کے رکن دیپک پرساد بستولا نے کہا کہ تربیت کی کمی اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی کمی کی وجہ سے پائلٹوں نے فلیپ لیور کا انتخاب کرنے کے بجائے پاور کنٹرول کرنے والے لیورگرا دیے۔