کھٹمنڈو 31جولائی (یو این آئی) نیپال میں مئی کے آخر سے شروع ہونے والے مانسون سیزن کے بعد سے اب تک مختلف حادثات میں 43 افراد ہلاک اور 116 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ بات نیپال کی ایک سرکاری ایجنسی نے بتائی ہے ۔نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی آر آر ایم اے ) نے بدھ کی شام جاری اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مانسون کی بارشوں کے نتیجہ میں 569 حادثات پیش آئے جن میں 16 افراد لاپتہ بھی ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اموات سیلاب سے ہوئیں جن میں15 افراد جان کی بازی ہار گئے اور7 زخمی ہوئے ۔ اس کے بعدآسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 14 افراد کی موت اور95زخمی ہوئے۔زمین کھسکنے کے باعث 14 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ نقصان پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہے ، جب کہ مانسون کے آغاز کے دو مہینوں میں 177 افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوئے تھے ۔