نیپالی وزیراعظم مستعفی
سوشل میڈیا پر پابندی ختم
کھٹمنڈو، 09 ستمبر (یواین آئی) نیپال میں بڑے پیمانے پر پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر وزیراعظم کے پی شرما اولی نے منگل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ نیپال میں سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے بعد بالآخر حکومت نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ اس سلسلے میں سرکاری سطح پر اعلان کیا گیا ہے کہ نیپال میں سوشل میڈیا پرعائد پابندی ختم کردی گئی ہے ۔ ملک میں کرپشن اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف پیر کو کئی مقامات پر مظاہرے شروع ہوئے ۔ مظاہرین کئی مقامات پر پرتشدد ہو گئے اور انہوں نے آتش زنی، توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کیا۔ پرتشدد احتجاج کے دوران سابق وزیراعظم جھالاناتھ کھنل کی اہلیہ راجیا لکشمی چترکر زندہ جل کر ہلاک ہوگئیں ۔ منگل کو مظاہرین نے کھٹمنڈو کے علاقہ ڈالو میں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ کو گھیر کر آگ لگادی جس میں راجیا لکشمی پھنس گئیں ۔ انہیں کسی طرح ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن وہ علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکی ۔ دریں اثناء بعض مقامات پر احتجاجی لوگ غیرانسانی رویہ اختیار کررہے ہیں ۔ وہ وزرا ء کا تعاقب کرکے سڑکوں پر انہیں پیٹ رہے ہیں ۔ مظاہرین نے کرفیو کے احکامات کو بھی نظرانداز رکھا ہے ۔ ان مناظر کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہیں جن میں نیپال کے وزیر فینانس بشنو پرساد پاؤڈیل (65 سال) پر حملہ دیکھا جاسکتا ہے ۔ کچھ مظاہرین انہیں سڑک پر دوڑا کر پیٹتے رے ۔
ایئر انڈیا کی کٹھمنڈو کیلئے تمام پروازیں منسوخ
نئی دہلی، 9 ستمبر (یو این آئی) نیپال میں بگڑتے حالات کے پیش نظر ایئر انڈیا نے منگل کے روز کٹھمنڈو کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر انڈیا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آج دہلی سے کٹھمنڈو کیلئے چار پروازیں طے تھیں، لیکن سبھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ واپسی کی تمام پروازیں بھی منسوخ رہیں گی۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کٹھمنڈو میں موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے دہلی۔ٹھمنڈو۔دہلی روٹ کی پروازیں اے آئی 2231/2232، اے آئی2219/2220، اے آئی217/218 اور اے آئی211/212 کو آج منسوخ کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ تازہ ترین معلومات مشترک کرتے رہیں گے ۔ ایئر انڈیا میں مسافروں اور عملے کے ارکان کی سلامتی ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔ نیپال میں سوشل میڈیا پر پابندی کے بعد شروع ہونے والا احتجاج پیر کو اس وقت پرتشدد ہوگیا جب پولیس نے مظاہرین پر سخت کارروائی کی۔ مظاہرین نے منگل کے روز پارلیمنٹ اور کئی لیڈروں کے گھروں کو آگ لگا دی۔ وزیر اعظم کے ۔ پی۔ ایس۔ اولی نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔