کٹھمنڈو ۔ 8 ستمبر (ایجنسیز) نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں پیر کو ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر عائد کردہ پابندی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔ نیپالی حکومت نے فیس بک، ایکس اور یوٹیوب سمیت کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کر دیا ہے۔ حکومتی موقف یہ ہے کہ یہ فیصلہ ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے سرکاری رجسٹریشن اور نگرانی قبول نہ کرنے پر کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز ہزاروں مظاہرین ملکی پارلیمان کی عمارت کے گرد جمع ہوگئے، جنہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ حکومت نے پارلیمان کے قریبی علاقوں میں کرفیو بھی نافذ کر دیا ہے۔ اس احتجاج میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر مظاہرین ’’سوشل میڈیا پر پابندی ختم کرو‘‘ اور ’’کرپشن ختم کرو‘‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ واضح رہے کہ نیپالی حکومت نے حال ہی میں ایک قانون متعارف کرایا ہے، جس میں تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو رجسٹریشن کے لیے کہا گیا ہے، تاہم ٹک ٹاک اور وائبر ہی نے اب تک اس حکومتی قانون کے تحت اپنی رجسٹریشن کرائی ہے۔