نیپال میں ہندوستانی خانگی نیوز چیانلس پر پابندی

,

   

Ferty9 Clinic

کٹھمنڈو۔ نیپال کے کیبل آپریٹرس نے آج تمام خانگی انڈین نیوز چیانلس پر پابندی عائد کردی ہے۔ نیپال کے کوریج سے متعلق چیانلس میں بڑے پیمانے پر آن لائن تنقیدوں کے نتیجہ میں یہ اقدام کیا گیا ہے۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ ہندوستانی نیوز چیانلس میں نیپالی قیادت کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے اور ان کی شبیہ کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فارن چیانل ڈسٹری بیوٹرس ملٹی سسٹم آپریٹرس نے تمام انڈین نیوز چیانلس کو بند کرنے کا آج اعلان کیا، تاہم ہندوستان کے نیشنل نیوز نیٹ ورک ’’دوردرشن‘‘ کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔ نیپال کے وزیر اطلاعات و نشریات کی پریس کانفرنس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد جمعرات 9 جولائی 2020ء کی شام سے عمل ہوگا۔ نیپال کے وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نیپال کی سالمیت اور وقار پر ہندوستانی خانگی میڈیا کے حملوں کی رپورٹس کے خلاف نیپال سیاسی اور قانونی حل تلاش کرے گا اور سفارتی طریقہ کار کو متحرک کیا جائے گا۔ بعض چیانلس کی جانب سے ایسے شوز دکھائے گئے جس میں نیپالی قائدین کے قتل میں ملوث ہونے کے کرداروں کو پیش کیا گیا ہے۔ ان میں وزیراعظم نیپال کے پی شرما اولی اور نیپال کے چین کے سفیر شامل ہیں۔ چیانلس پر پابندی سے متعلق نیپالی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر تاحال کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ ہندوستان اور نیپال کے درمیان حالیہ عرصہ میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب نیپال کی پارلیمنٹ نے ایک ترمیم کو منظور کرتے ہوئے اپنے ملک کے نقشہ میں تین متنازعہ علاقوں کو شامل کرلیا۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستان کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا جس پر کٹھمنڈو نے اختلافات کی یکسوئی کیلئے سفارتی مذاکرات کی پہل کی۔ نیپال کے وزیراعظم کی جانب سے ان کی حکومت کو گرانے کی کوششوں کا ہندوستان پر الزام عائد کرنے کے بعد نیپالی قائدین کی جانب سے کے پی شرما اولی سے استعفے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔