نیپال کی اعلیٰ عدالت کا پارلیمنٹ کی بحالی کا حکم

   

کٹھمنڈو : نیپال کی سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کھڑگا پرساد اولی کے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اقدام پر پارلیمنٹ کو بحال کرنے کا حکم دے دیا۔نیپال کی اعلیٰ عدالت میں درخواست گزاروں کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے کہا کہ وزیر اعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا حکم غیر آئینی ہے۔درخواستوں میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم کھڑگا پرساد اولی کے حکم کو مسترد کرتے ہوئے عدالت پارلیمنٹ کی بحالی کے احکامات جاری کرے۔اعلیٰ عدالت نے سماعت پر حکام کو حکم دیا کہ جلد از جلد پارلیمنٹ کو بحال کر کے 13 دنوں کے اندر پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کرے۔واضح رہے کہ نیپالی وزیر اعظم نے اپنے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ آنے پر 2 ماہ قبل پارلیمنٹ تحلیل کر دی تھی۔نیپالی کمیونسٹ پارٹی نے اعلیٰ عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلہ آئین اور قانون کی فتح ہے۔