پٹنہ : نیپالی حکومت نے بہار کے عہدیداروں کو گندک پشتہ کے ایک حصہ پر مرمتی کام انجام دینے سے روک دیا ہے۔ یہ پشتہ ہند۔نیپال سرحد کے پاس ایسی زمین پر واقع ہے جو کسی بھی ملک سے تعلق نہیں رکھتی۔ وہاں کام کرنے والوں کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے رکاوٹیں لگادی گئی ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے میٹریل اور مشنری کو پہنچانا بھی ممکن نہیں ہے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ مرمتی کام بہار کے محکمہ آبی وسائل کی جانب سے کئے جارہے ہیں ۔ یہ طویل عرصہ سے جاری تھے لیکن 15 جون کو نیپال آرمڈ بارڈر فورس والے وہاں پہنچے اور کاموں کو روک دیا ۔ ضلع نظم و نسق نے فوری ریاستی حکومت کو آگاہ کیا۔ اگر پشتہ کی مرمت کا کام نہیں ہوپاتا ہے تو دریا میں طغیانی کی صورت میں بہار سیلاب سے متاثر ہوسکتا ہے۔ ریاست کے وزیر آبی وسائل سنجے کمار جھا نے گزشتہ روز اس تبدیلی کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت امور خارجہ کو صورتحال سے واقف کرایا گیا ہے ۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ نیپال اس طرح ہندوستان کی طرف سے تعمیری یا مرمتی کام میں رکاوٹ بنا ہے۔ گندک بیاریج کی 36 گیٹس ہیں جن میں سے نصف ہندوستان کی طرف ہیں۔